کراچی میں کھانوں کی بے شمار اقسام پائی جاتی ہیں، شہر قائد کے باسی جہاں نت نئے ذائقے پسند کرتے ہیں وہیں اصلی پشاوری آئسکریم بھی شہریوں کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔
اکثر لوگ نام سے دھوکہ کھاجاتے ہیں اور شہری سمجھتے ہیں کہ پشاوری آئسکریم کا تعلق شائد پشاور سے ہے لیکن ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ پشاوری آئسکریم کا تعلق کراچی سے ہے اور اس کا آغاز بھی شہر قائد میں ہوا۔ کراچی کے 3 بھائیوں نے پشاوری آئسکریم کا آغاز کیا اور اس کواپنے آبائی علاقے کا نام دیا جس سے اکثر لوگ اس کو پشاور کی سوغات سمجھتے ہیں۔دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اگر آپ پشاور جائیں تو وہاں آپ کو ایک بل بورڈ ملے گا جس پر یہ لکھا ہوگا کہ کراچی کی مشہور پشاوری آئسکریم یہاں دستیاب ہے۔

صدر پریڈی اسٹریٹ پر واقع اصلی پشاوری آئسکریم کے شریک بانی میر زمان کا کہنا ہے کہ ہم پہلے شربت کا کام کرتے تھے اور کولڈڈرنک کی وجہ سے جب شربت کا کام کم ہوا تو ہم نے آئسکریم کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔اس طرح ہم نے آئسکریم کی دکان قائم کی اور اس کا نام پشاوری آئسکریم رکھااوریہ دکان 1948 میں قائم کی گئی جبکہ 35 سال سے یہاں آئسکریم فروخت کی جارہی ہے۔

میر زمان کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی 35 سال پرانا فارمولا استعمال کررہے ہیں، اس آئسکریم میں تازہ دودھ ، تازہ کریم اور چینی شامل ہوتی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے منفرد ذائقے کو لوگ بیحد پسند کرتے ہیں اور بار بار یہاں آتے ہیں اور یہی ہماری کامیابی ہے۔میر زمان کا کہنا ہے کہ میری عمر اس وقت 90 سال کے قریب ہے اور اب نوجوان نسل نے کام سنبھال لیا ہے اس لئے وہ ایک مطمئن ریٹائرڈ زندگی گزار رہے ہیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








