کراچی میں کوئٹہ ہوٹل کے مالک کی بہادری نے کسٹمرز کو لوٹنے کیلئے آنے والے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور اور کسٹمرز کو لٹنے سے بچالیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بڑی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہوٹل کے سامنے جہاں کسٹمر کرسیوں پر بیٹھے چائے پی رہے ہیں، بائیک پر کچھ ڈاکو اتر کر کسٹمرز کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں تو اسی دوران ہوٹل کا مالک بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو الٹے قدموں بھاگنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر مختلف پیجز کے مطابق یہ واقعہ کوئٹہ عنابی ہوٹل نیپا چورنگی گلشن اقبال کا ہے، جہاں گزشتہ دن سر شام جب کسٹمرز ہوٹل کے سامنے کرسیوں پر چائے پی رہے تھے، اچانک ایک بائیک پر سوار تین ڈاکو اترے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے اتر کر ابھی لوٹ مار شروع ہی نہیں کی تھی کہ ہوٹل کے سامنے کاؤنٹر پر براجمان ہوٹل مالک سید دولت شاہ آغا یاسین زئی اپنی کرسی پر بیٹھے بیٹھے پستول نکال کر ڈاکوؤں کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ فورا واپس چلے جائیں، ورنہ انہیں گولی مار دی جائے گی۔
وہ جو کہتے ہیں کہ چور کو پڑ گئے مور، ہوٹل مالک کی جانب سے اس اچانک جوابی وار پر ڈاکو سٹپٹا جاتے ہیں اور فورا بائیک پر سوار ہوکر بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔
یہ ویڈیو سامنے آنے پر صارفین کی بڑی تعداد ہوٹل مالک سید دولت شاہ آغا یاسین زئی کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے مطالبہ کر رہی ہے کہ ان کی اس بہادری کی سرکاری سطح پر پذیرائی کی جائے۔
عوام کا کہنا ہے کہ سید دولت آغا یاسین زئی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کیا، جس کی وجہ سے کسٹمرز بڑے نقصان سے بچ گئے۔
دوسری طرف آل کراچی ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن رجسٹرڈ سندھ نے سید دولت شاہ آغا یاسین زئی کو اس بہادری پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








