لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کھلاڑیوں کو بریف کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سہیل سلیم اور مصباح الحق نے بھی بریفنگ میں شرکت کی، کھلاڑیوں کو پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان ٹیلی کانفرنس کے تناظر میں بریف کیا گیا
پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ریڈ اور وائٹ بال کے 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ لے کر جانے کا منصوبہ ہے۔
25 کھلاڑی جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہوں گے، جو دورے کے اختتام تک وہاں موجود رہیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈلائنز کے مطابق جون کے اوائل میں لاہور میں ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے، پی سی بی
ڈاکٹر سہیل سلیم، مصباح الحق اور وقار یونس حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ سیشنز ترتیب دیں گے، پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بورڈ کے ساتھ مزید بات چیت کے حوالے سے بھی آگاہ کرتا رہے گا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ بظاہر آئندہ 3 ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا، کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کی آپشن موجود ہوگی۔حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کھلاڑیوں کو مزید تفصیلات آئندہ چند ہفتوں میں فراہم کردی جائیں گی۔
ذاکر خان نے کہا کہ ان غیرمعمولی حالات میں کھلاڑیوں کی لاہور میں ٹریننگ کے حوالے سے ہر طرح کے انتظامات کرنے کے لیے تیار ہیں، پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی فیملی کے ہمراہ انشورنس کو یقینی بنایا ہے۔