وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور ان کے خلاف تمام شواہد ہمارے پاس ہیں، دہشتگرد تنظیموں کو دشمنوں کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ دہشتگردوں کو پاکستان سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت ملک میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
قیامِ پاکستان میں علماءکرام اور اقلیتی برادری نے بھرپور کردار ادا کیا جبکہ آزادی کے وقت لاکھوں لوگوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں۔
پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ بلا امتیاز سب کو برابر حقوق حاصل ہوں، آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے جن کی مالیت کھربوں ڈالرز میں ہے، ان وسائل کو بروئے کار لا کر ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے جو اگرچہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں ایک معرکہ پیش آیا جس میں افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکستِ فاش دی، افواجِ پاکستان نے اپنی جرات، اعلیٰ ترین تربیت اور بہترین حکمتِ عملی کے باعث یہ کامیابی حاصل کی۔
آج پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی کا سامنا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں اور چاروں صوبوں کے شہداء نے اپنے خون سے اس وطن کی آبیاری کی ہے، پاکستان نے نہ صرف خود قربانیاں دیں بلکہ دنیا کو بھی دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا، اس پر دنیا کو پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے اور ان کے خلاف تمام شواہد ہمارے پاس ہیں، دہشتگرد تنظیموں کو دشمنوں کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاہم ماضی میں جس طرح دہشتگردی کے ناسور کو ختم کیا گیا، آج بھی اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا جبکہ دہشتگردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔
مزید برآں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج جتنا اتحاد اور یکجہتی درکار ہے، اس کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی، پیچیدہ قومی معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








