حالات گمبھیر، ملکی مفاد میں قانون سازی بہت ضروری ہے، وزیر اعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو روئٹرز

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کہ پارلیمان کا تقدس قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو کیونکہ ماضی میں آئینی اداروں اور غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمان کا تقدس قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو، قومی نوعیت کے معاملات صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پوری کوشش کرتے رہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور ان کے ناپاک عزائم کامیاب ہوں لیکن ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے، معاشی استحکام کے تسلسل اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی اداروں اور غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں میثاقِ جمہوریت ہوا، میثاقِ جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کے لیے روک دیا گیا لیکن ملکی ترقی کے لیے سب کو ایک مرتبہ پھر سے اکٹھا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست ہوتی رہے گی، ملک کو بچانے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے،2018  سے پہلے نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا لیکن سوچی سمجھی سازش سے انہیں سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی گھناؤنی سازش کی گئی اور یہ سازش پاکستان اور پاکستان کے عوام کو بہت مہنگی پڑی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تین برس تک پاکستان میں ایک نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، اللہ رب العزت نے جب ہمیں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا ذمہ سونپا تو تاریخ گواہ ہے اس ملک کے مفاد کے لیے سب جماعتوں نے مل کر اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

Related Posts