پاکستان میں بجلی بنانے والی کمپنیوں (آئی پی پیز) کی بد ترین لوٹ مار کی نت نئی تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جنہیں سن کر پوری قوم پر سکتہ طاری ہے۔
نئی سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ان آئی پی پیز میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی کمپنی چنیوٹ پاور لمیٹڈ کے ساتھ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے قریبی سمجھے جانے والے صنعتکار عبد الرزاق داؤد کی روش پاور بھی شامل ہے جسے عمران خان کے دور حکومت میں ڈیمیجز معاف کرنے کی مد میں 160 کروڑ نوازے گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سابق نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کیپیسٹی پیمنٹس کا ڈیٹا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرشیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوری سے مارچ میں آئی پی پیز کو 150ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، 4 پاور پلانٹس کو بجلی پیدا کیے بغیر ہی 10 ارب روپے ماہانہ ادا کیے گئے۔ جس کے بعد سے اس حوالے سے عوام میں سخت غم و غصہ پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پاور پلانٹ رزاق داؤد کا ہے جو عمران خان کی کابینہ میں تھا، عمران خان کی حکومت میں روش پاور کو 160 کروڑ کے ڈیمیجز معاف کر دیے تھے۔ عمران خان نے نہ صرف یہ ڈیمیجز معاف کیے بلکہ ان ایگریمنٹس کو ریونیو کرنے کا کریڈٹ بھی لیا تھا اور اب وہ معاہدے 750 روپے فی یونٹ میں پڑ رہے ہیں۔

ایک اور صارف نے دعویٰ کیا کہ یہ نئے معاہدے عمران خان کر کے گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے وہ ٹوئٹ بھی شیئر کیا جس میں معاہدے سے متعلق تفصیلات تھیں۔

علاوہ ازیں ایک ایکس صارف نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی آئی پی پی “چنیوٹ پاور لمیٹڈ“ کو جنوری 2024 میں 63 فیصد کپیسٹی پر 30.8 کروڑ، فروری میں 65 فیصد کپیسٹی پر 23.1 کروڑ جبکہ مارچ میں 27 فیصد کپیسٹی پر 9.99 کروڑ ”کپیسٹی پیمنٹس“ کی مد میں ادا کئے گئے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








