کراچی:اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ نے ہیریکس اسکول چیپل سٹی صفورا گوٹھ کی معطل کی گئی رجسٹریشن کو بحال کر دیا ہے،ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کراچی کو بذریعہ خط درخواست کی گئی ہے کہ ہیریکس اسکول کی سیل ختم کر دی جائیتاکہ اسکول میں زیر تعلیم 463 طلبہ و طالبات کا قیمتی وقت مزیدضائع نہ ہو۔
قبل ازیں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن و خواندگی جناب غلام اکبر لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکول کی رجسٹریشن معطل کئے جانے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کی سماعت ہوئی۔
سماعت میں اسکول کے پرنسپل، ڈائریکٹر جنرل پرائیوئٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی رجسٹرار رفعیہ جاوید، انکوائری کمیٹی کے ممبران، اخلاق احمد نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات، اسکول میں کام کرنے والے اساتذہ و عملہ کے بہترین مفاد میں اسکول کی رجسٹریشن کی بحالی اور اسکول کو تعلیمی عمل کی بحالی کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق اسکول انتظامیہ نے سیکریٹری اسکول کو اسٹامپ پیپر پر غیر مشروط معافی نامہ جمع کروا دیا ہے، اسکے ساتھ ساتھ اسکول انتظامیہ نے مبلغ پچاس ہزار روپے بذریعہ چالان محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اکاؤنٹ میں بطور جرمانہ جمع کروادیئے ہیں اور شکایت دائر کرنے والی اسکول ٹیچر کو اسکے بقا یا جات بذریعہ چیک ادا کر دیئے ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسکول کی وائس پرنسپل کو کمیٹی کے سامنے نصب خفیہ کیمروں کے حوالے سے غلط بیانی کرنے کے باعث ان کے عہدہ سے ہٹا دیا جائے گا، وہ اسکول میں بحیثیت استاد اپنی خدمات جار ی رکھ سکتی ہیں۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انسپیکشن کمیٹی چھ ماہ تک ماہانہ بنیادوں پر اسکول کا دورہ کرے گی،اگر اسکول میں کوئی خلاف ضابطہ سرگرمی پائی گئی تو اسکول کو مستقل بنیادوں پر بند کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:اسکول کی محبت، پسند کی شادی کے 10 ماہ بعد شوہر نے نوعمر بیوی کا گلا کاٹ دیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








