حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سمیت 4 طالبان رہنماؤں پر سے عالمی پابندیاں ختم

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو افغان میڈیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ حج ادا کرنے کے لیے طالبان حکومت کے نائب وزیر اعظم برائے سیاسی مولوی عبدالکبیر، وزیر حج و اوقاف شیخ نور محمد ثاقب، وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی اور انٹیلی جنس چیف ملا عبدالحق وثیق پر عائد سفری پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پابندی ایسے وقت ہٹالی گئی ہے جب افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر 4 جون کو ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات گئے تھے جس میں امارت اسلامیہ کے انٹیلی جنس چیف ملا عبدالحق وثیق بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی طالبان کے اقتدار میں آنے سے پہلے امریکا اور بیرونی افواج کے خلاف مزاحمت کے دوران حقانی نیٹ ورک کے نام سے خوف و دہشت کی علامت بننے والے مشہور طالبان دھڑے کے سربراہ تھے۔

دوسری جانب امارت اسلامیہ افغانستان کے ساتھ دنیا کے روابط کے تسلسل میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سینٹ پیٹرزبرگ اقتصادی فورم میں بین الاقوامی نیوز چینلز کے سربراہان سے ملاقات میں امارت اسلامیہ کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو ضروری قرار دیا۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی سرزمین پر حاکم واحد قوت ہے، ان کے ساتھ تعلقات استوار ہونے چاہئیں۔

Related Posts