صحافی محسن جمیل بیگ کی حراست وتشدد کے خلاف اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

صحافی محسن جمیل بیگ کی حراست وتشدد کے خلاف اہلیہ کا بیان سامنے آگیا
صحافی محسن جمیل بیگ کی حراست وتشدد کے خلاف اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: صحافی محسن جمیل بیگ کی حراست وتشدد کے خلاف اہلیہ کا بیان سامنے آگیا ہے، اہلیہ محسن بیگ نے کہا کہ محسن بیگ یا انکے خاندان کو کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا تو ذمے دار وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔

اہلیہ محسن بیگ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اور غیر جانبدار حلقے اصل حقائق منظر عام پر لانے کے لئے اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن تشکیل دیں، سولہ فروری کو سادہ کپڑوں میں اہلکاروں نے گھر میں زبردستی گھس کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ گھر میں داخل ہونے والے نامعلوم افراد شناخت ظاہر بھی نہ کرسکے، محسن بیگ نے غیر قانونی اقدام کے خلاف دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے پولیس کی مدد بھی طلب کی۔

محسن بیگ کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پولیس داد رسی کی بجائے محسن بیگ کو زبردستی اٹھا کر تھانہ مارگلہ لے گئی، محسن بیگ پر تھانے میں ایف آئی اے اہلکاروں نے بدترین تشدد کیا۔

تشدد سے محسن بیگ کی آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی جبکہ ناک اور پسلیوں کی ہڈیاں متاثر ہوئیں۔ متعدد نیوز چینلز پر چلنے والی فوٹیجز میں محسن بیگ کے چہرے پر تشدد کے نشانات بڑے واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واضح عدالتی احکامات کے باوجود پولیس میڈیکل کے بہانے رات دو بجے تک محسن بیگ کو شہر کی سڑکوں پر لے کر گھومتی رہی۔ پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیمیں تلاشی کے بہانے گھر میں گھس کر حراساں کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ترین سنگین صورت حال سے واضح ہے کہ پولیس اور ایف آئی اے محسن بیگ کو جانی نقصان پہنچا سکتی ہے، وزیر اعظم کی جانب سے اس غیر قانونی اقدام پر ڈی جی ایف آئی اے کو شاباش دینا انکے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

مزید پڑھیں: صحافی محسن جمیل بیگ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ دینے والے جج ظفر اقبال کے خلاف کارروائی کی دھمکی اور ریفرنس حکومت کے ملوث ہونے کا ثبوت ہیں۔اگر محسن بیگ اپنے دفاع کا حق استعمال نہ کرتے تو خدشہ تھا کہ انہیں کسی دوسرے شہر لے جا کر غائب کردیا جاتا۔

Related Posts