طالبان حکومت نے کابل کا قدیم ترین سینما مسمار کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

سینما آریانا کی مسماری جاری ہے، فوٹو کابل ناؤ

طالبان نے افغان دارالحکومت کابل کے مرکزی علاقے میں واقع مشہور سینما آریانا کی عمارت کو مسمار کر دیا ہے۔ اس علاقے کے کاروباری مالکان کا کہنا ہے کہ طالبان اس سینما کی جگہ ایک مارکیٹ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے دو دن قبل سینما آریانا کی مسماری کا عمل شروع کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق طالبان نے اب تک اس عمارت کے بڑے حصے منہدم کر دیے ہیں۔

اس مقام سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالبان نے عمارت کے ارد گرد باڑ لگا دی ہے اور بلڈوزرز سینما کو مسمار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آریانا افغانستان کے قدیم ترین سینما گھروں میں سے ایک تھا اور اسے پرانے کابل کی اہم نشانیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔

طالبان نے اب تک اس سینما کی عمارت کی مسماری کے بارے میں باضابطہ کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ طالبان کابل میں کسی سینما کی عمارت کو مسمار کر رہے ہیں۔ طالبان کی حکومت نے اب تک افغانستان بھر میں کئی سینما گھروں کو ختم کر دیا ہے۔

اس سے پہلے طالبان نے کابل ہی میں خیرخانه سینما کو مسمار کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سینما کی جگہ مسجد اور مارکیٹ بنائی جائے گی۔

آریانا سینما کو افغانستان کا سب سے پرانا سینما سمجھا جاتا تھا۔ یہ سینما کابل کے مرکز چہارراہ فواره آب میں واقع تھا جو اب ماضی کا قصہ بننے جا رہا ہے۔

طالبان کی وزارت امر بالمعروف نے سینما گھروں کی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔ طالبان نے فنون لطیفہ کے شعبے کو بھی اعلیٰ تعلیم کے ڈھانچے سے ہٹا دیا ہے۔

Related Posts