کراچی: نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا یکطفرفہ دورہ منسوخ کئے جانے پر جہاں شائقین کرکٹ افسردہ ہیں وہیں نیوزی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کیلئے پاکستان ایک اسپیشل جگہ ہے، پاکستان میں کرکٹ کا بڑا جوش پایا جاتا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ کھلاڑی وہاں سیریز نہ کھیلنے پر بہت مایوس ہوں گے اور کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس کھیل کے لیے بہت جوش ہے۔
دوران انٹرویو انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز منسوخی کے پیچھے تفصیلات کا علم نہیں کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔ اگلے کچھ دنوں میں اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کریں گے۔
کیوی کپتان نے مزید کہا کہ ایسا مزید نہ ہو کیونکہ ہم دنیا کے ہر ملک میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہم اس سیریز کو دوبارہ پاکستان منتقل ہونے پر پُرجوش تھے اور مجھے پتا ہے کہ ہماری ٹیم وہاں کرکٹ کھیلنا چاہتی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کرکٹ پر دیرپا اثرات نہیں ہوں گے کیونکہ وہ کرکٹ کے لیے ایک سپیشل جگہ ہے اور کرکٹ کی وہاں واپسی کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








