لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ صرف میں نہیں ٹیم کے تمام 11 کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، صرف خود پر نہیں بلکہ سب پر اعتماد ہے اور بطور ٹیم ہمارا بہت اچھا کامبی نیشن بنا ہوا ہے،کوچ، سلیکٹر اور میں نے بیٹھ کر پاکستان کے لیے بہترین ٹیم کا اعلان کیا، اب ٹیم میں تبدیلی کے لیے بہت کم وقت رہ گیا ہے، ہم نے اپنے جانتے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شاہین کے ساتھ دورے پر ڈاکٹر اور فزیو دونوں ساتھ جا رہے ہیں تو ان کا زیادہ بہتر طریقے سے خیال رکھا جا سکے گا، ہم طویل منصوبہ بندی کررہے ہیں کیونکہ اس کے بعد ایشیا ء کپ اور پھر ورلڈ کپ بھی ہے،کوشش کررہے ہیں کہ جلد سے جلد انہیں تیار کر سکیں کیونکہ یہی ٹیم کے لیے اچھا ہے۔
ہم چاہ رہے ہیں کہ اگر وہ فٹ ہوں تو نیدرلینڈز کے خلاف بھی ایک میچ کھیلیں اور اگر ایسا نہ بھی ہو سکے تو کم از کم ایشیا ء کپ کے لیے تیار ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ بطور ٹیم ہمارا بہت اچھا کامبی نیشن بنا ہوا ہے، ٹی ٹونٹی ٹیم نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی جبکہ شاداب اور نواز کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تو بیٹنگ میں اس سے کافی مدد ملے گی جبکہ بالنگ تو ہماری ہمیشہ سے ہی اچھی کارکردگی دکھاتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیدرلینڈز کی ٹیم سمیت کسی بھی حریف کو ہوم کنڈیشنز میں آسان تصور نہیں کر سکتے، ہم انٹرنیشنل میچ کھیلنے جا رہے ہیں تو چھوٹی یا بڑی ٹیم کے بجائے اصل بات معیاری کرکٹ کی ہوتی ہے۔
کپتان نے کہا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، اگر کچھ انیس بیس ہو گیا تو آپ ہی کہیں گے کہ پرانے کھلاڑیوں کو ریسٹ کیوں کرایا ورنہ آپ کہتے ہیں کہ نئے کیوں نہیں لے کر گئے تو یہ چیزیں چلتی رہتی ہیں، سب ہمیشہ خوش نہیں رہ سکتے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیل کر میچ جیتنا ہے پھر چاہے کوئی ہی ٹیم کیوں نہ ہو۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا مجوزہ شیڈول تیار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








