موٹر سائیکل پر آئے، گولیاں برسائیں اور فرار! المناک ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر سمامہ موڑ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے موٹرسائیکل سوار 2 افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں افراد ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے جب دو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر گولیاں برسا دیں۔ پیچھے بیٹھا شخص دو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے کو ایک گولی لگی جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے اور شہر میں حالیہ دنوں میں ایسے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

چند روز قبل ہفتے کے روز کراچی میں صرف تین گھنٹوں کے دوران چھ مختلف فائرنگ کے واقعات میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہوئے تھے جو شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی کوشش ناکام

ایک اور واقعے میں اورنگی ٹاؤن کے اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں ایل پی جی کی ایک دکان پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران دکاندار نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے اسلحہ چھین کر اسے گولی مار دی۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت رحیم نام سے ہوئی جوکہ قتل اور ڈکیتی کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

لاندھی میں ایک اور مشتبہ ٹارگٹ کلنگ

لاندھی کی شیرپاؤ کالونی میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار کو تعاقب کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ بھی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہوسکتا ہے تاہم واقعے تفتیش جاری ہے۔

ملیر میں پولیس مقابلہ، بھتہ خور ہلاک

ملیر کے علاقے بکرا پیڑی علاقے میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مبینہ پولیس مقابلے میں بھتہ خور غلام قادر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ غلام قادر کا تعلق سمیع کٹھیاواری گروہ سے بتایا جارہا ہے جو ایک بلڈر کی دکان پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد کیے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں لیکن شہریوں میں خوف و ہراس بدستور برقرار ہے کیونکہ فائرنگ کے سلسلے میں تاحال کمی نہیں آئی۔

Related Posts