بھارتی ریاست تلنگانہ کے میدک ضلع سے ایک صدمے میں مبتلا کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک باپ نے اپنے ہی کمسن بیٹے کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اتوار کے روز میدک منڈل کے پیدابائی تانڈہ میں پیش آیا۔ میدک رورل پولیس کے مطابق بداوت بھاسکر کی شادی چھ سال قبل اسی منڈل کے ایک گاؤں کی خاتون سے ہوئی تھی۔ میاں بیوی مزدوری کرکے گزارا کرتے تھے اور ان کا ایک تین سالہ بیٹا تھا۔
پولیس کے مطابق شوہر اور بیوی کے درمیان اکثر گھریلو جھگڑے رہتے تھے۔ جمعہ کے روز بھاسکر نے اپنی بیوی پر تشدد کیا جس کے بعد وہ علاج کے لیے میدک سرکاری ہاسپٹل گئی اور پھر اپنے میکے چلی گئی۔ اس دوران بچہ باپ کے ساتھ ہی تھا۔ پولیس نے بتایا کہ بھاسکر کو اپنے بیٹے کے حوالے سے شبہ تھا کہ وہ اس کی اولاد نہیں ہے اور اسی شبہ کی بنیاد پر اس نے اپنے بیٹے کو قتل کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رورل پولیس نے بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میدک ایریا ہاسپٹل منتقل کیا جبکہ ملزم بھاسکر کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








