یہ پراڈکٹ ریگولیٹری اتھارٹی سے منظور شدہ نہیں! سموسے سے منع کرنے والے ڈاکٹر عفان مضر صحت منجن بیچنے لگے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سوشل میڈیا پر مشہور ڈاکٹر محمد عفان قیصر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ منہ کے استعمال کیلئے ایک کھردرا پاؤڈر (abrasive powder) پروموٹ کررہے ہیں جو مارکیٹ میں مختلف ناموں سے فروخت ہو رہا ہے۔

دانتوں اور مسوڑھوں کے ماہرین اور تنقید کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ یہ پراڈکٹ صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور ملک کے کسی بھی مستند ادارے یا ریگولیٹری اتھارٹی سے منظور شدہ نہیں ہے۔ مزید یہ کہ اس میں درج اجزاء یا تو نامکمل ہیں یا گمراہ کن معلومات پر مبنی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس پراڈکٹ میں بیکنگ سوڈا شامل ہے جو ایک کھردرا مادہ ہے۔ اگرچہ اس کے استعمال سے وقتی طور پر دانت سفید نظر آسکتے ہیں لیکن مسلسل استعمال دانتوں کی اینامل کو نقصان پہنچا سکتا ہے مسوڑھوں کو خراب کر سکتا ہے اور دانتوں میں حساسیت بڑھا سکتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈاکٹر عفان قیصر کا تعلق طب کی دوسری شاخ سے ہے اور ان کا ڈینٹسٹری یا دانتوں کے علاج سے کوئی پیشہ ورانہ تعلق نہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے شعبے تک محدود رہیں بجائے اس کے کہ عوام کو گمراہ کریں اور انہیں نقصان دہ منہ کی صفائی کے طریقوں کی طرف راغب کریں۔

ڈینٹل ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب علم اور شواہد پر مبنی تحقیق کے بغیر دانتوں سے متعلق مصنوعات کی تشہیر صحت کو شدید خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

عام عوام کے لیے ماہرین کا پیغام سادہ اور واضح ہے کہ براہِ کرم ایسی مصنوعات استعمال نہ کریں۔ دانت اور مسوڑھے نہایت نازک ہوتے ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ منہ اور دانتوں سے متعلق کسی بھی مسئلے کے لیے سوشل میڈیا یا غیر متعلقہ افراد پر انحصار کرنے کے بجائے ہمیشہ کسی مستند اور قابل ڈینٹسٹ سے مشورہ کریں۔

Related Posts