یہ سیزن کچھ الگ ہے! جانیں پاکستان آئیڈل میں اس بار کیا خاص ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستان کا سب سے مقبول میوزیکل شو پاکستان آئیڈل آج رات سے دوبارہ آپ کی اسکرینوں پر جلوہ گر ہوگا۔ کئی سال بعد اس شو کا دوسرا سیزن شروع ہورہا ہے جو نہ صرف موسیقی کے شائقین کے لیے خوشی کی خبر ہے بلکہ یہ پاکستان کے ثقافتی منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل بھی ہے۔

یہ پروگرام ہفتے اور اتوار کی شام کو جیو ٹی وی، پی ٹی وی، گرین انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس، اے پلس اور لائف اینڈ آن ٹی وی پر بیک وقت نشر کیا جائے گا تاکہ ہر جگہ کے لوگ اس میوزیکل میلہ کا حصہ بن سکیں۔

پاکستان آئیڈل وہ پلیٹ فارم ہے جہاں لاکھوں نوجوان اپنی خوبصورت آوازوں سے دل جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں اور ملک کی موسیقی کی صنعت میں نئی روشنی بن کر ابھرتے ہیں۔

اس سیزن میں ججز کے طور پر فواد خان، راحت فتح علی خان، زیب بنگش اور بلال مقصود شامل ہیں، جبکہ اس شو کی میزبانی شفا عت علی کریں گے جو اپنی ہنسی اور دلکش انداز سے پروگرام کو مزید دلچسپ بنائیں گے۔

سکھر، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی جیسے شہروں سے ہزاروں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتیں دکھائی ہیں اور اب یہ منتخب گلوکار ہر ہفتے آپ کے دلوں کو محظوظ کرنے کے لیے میدان میں ہوں گے۔

پاکستان آئیڈل کا پہلا سیزن 2013 میں آیا تھا جس میں لاہور کے زماد بیگ نے پاکستان کا پہلا آئیڈل بن کر اپنے خواب کو حقیقت میں بدلا تھا۔ تب ججز علی عظمت، ہدیقہ کیانی اور بشریٰ انصاری تھے اور میزبانی محب مرزا اور انوشے اشرف نے کی تھی۔

یہ شو درحقیقت 2007 میں شروع ہونا تھا مگر سیکیورٹی مسائل اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے اسے کئی سالوں تک ملتوی رہنا پڑا۔

اب ایک بار پھر پاکستان آئیڈل موسیقی کے شائقین کے دل جیتنے کیلئے تیار ہے جہاں نئے ستارے بننے کا خواب ہر گلوکار کے دل میں جگمگا رہا ہے۔

Related Posts