پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز 26 جنوری سے شروع ہوں گے جبکہ فائنل میچ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ یہ اعلان نیویارک میں منعقدہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے روڈ شو میں کیا گیا جس میں لیگ کی اہم تفصیلات اور نئے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے مطابق اس بار فیصل آباد بھی گیارہ میچز کی میزبانی کرے گا۔ نیویارک روڈ شو، انگلینڈ میں کامیابی کے بعد پاکستان سپر لیگ کی بین الاقوامی تشہیر کا حصہ تھا، جس کا مقصد 6 جنوری کو پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی خریداری میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانا تھا۔
اس موقع پر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، قومی کرکٹرز صائم ایوب، ابرار احمد، فہیم اشرف، سعود شکیل، شان مسعود، سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر امریکہ میں رضوان سعید شیخ نے کہا کہ کھیل نہ صرف سفارت کاری بلکہ ثقافتوں کی پہچان کا ذریعہ بھی ہیں۔
قومی کرکٹرز شان مسعود، سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے پی ایس ایل کے اپنے تجربات شیئر کیے جبکہ ابرار احمد، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے لیگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے لیگ کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے اسے دنیا کی نمبر ون لیگ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ علاوہ ازیں، روڈ شو میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو نئے سرے سے تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ مظفر آباد اور حیدر آباد اسٹیڈیمز کی بھی بحالی اور جدید بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








