پاکستان جنوبی افریقہ سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع! فری انٹری کا طریقہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Tickets for Pakistan v South Africa series to go on sale today
ONLINE

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلان کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے ٹکٹ آج (7 اکتوبر) شام 5 بجے سے فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔

آن لائن ٹکٹیں بھی حاصل کی جا سکیں گی جب کہ فزیکل ٹکٹیں 8 اکتوبر سے ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اور دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔ ٹیسٹ میچز کے دوران عام، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں عوام کے لیے داخلہ مفت رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین میچ دیکھنے کے لیے میدان کا رخ کر سکیں۔

قذافی اسٹیڈیم کے آئی کیو بال اینڈ اور جناح اینڈ کے وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 800 سے 1000 روپے تک ہوں گے جبکہ پی سی بی گیلری اور پلاٹینم باکس کے ٹکٹ بالترتیب 1500 روپے اور 8000 روپے (آخری روز 10000 روپے) میں دستیاب ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن عام، فرسٹ کلاس، پریمیم اور وی آئی پی انکلوژرز میں عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا تاہم پی سی بی گیلری کے ٹکٹ پہلے چار دن 800 روپے اور آخری دن 1000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹ 16 اکتوبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 400 روپے، فرسٹ کلاس 600 روپے، پریمیئم 700 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 800 سے 2000 روپے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ وی آئی پی گیلری کے ٹکٹ 2500 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ پلاٹینم باکس کی نشست کی قیمت 15,000 روپے ہوگی۔

تین ون ڈے میچز فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 4، 6 اور 8 نومبر کو ہوں گے۔ ان میچوں کے لیے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 400 روپے، فرسٹ کلاس 600 روپے، وی آئی پی انکلوژرز 800 روپے جبکہ وی آئی پی گراؤنڈ فلور کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق شائقین ایک قومی شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ مزید برآں شائقین کے لیے مہمان نوازی (ہاسپیٹیلٹی) باکسز بھی دستیاب ہیں جن کے لیے پی سی بی کے ہیڈ آفس سے براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ سیریز نہ صرف پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی علامت ہے بلکہ شائقین کے لیے ایک شاندار موقع بھی ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔

Related Posts