ٹائم ٹریول، ایکشن اور سسپنس سے بھرپور اینیمیٹڈ فلم ’ٹائم ہوپرز: دی سلک روڈ‘ نے ریلیز سے قبل ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے پری سیلز میں 35 ہزار سے زائد ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، جسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پروجیکٹ ابتدائی طور پر مسلم بچوں کے لیے بننے والی ایک سادہ ویب اینی میشن تھا، جو اب مکمل فیملی فلم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ فلم میں تاریخِ اسلام کے درخشاں دور کے معروف سائنسدان اور مفکر محمد بن موسٰی الخوارزمی سمیت دیگر اہم شخصیات کی کہانیاں اجاگر کی گئی ہیں۔
کہانی چار باصلاحیت بچوں کے گرد گھومتی ہے جو سال 2050 سے تعلق رکھتے ہیں اور وقت میں سفر کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت حاصل کرنے کے بعد قدیم سلک روڈ کے دور میں پہنچ جاتے ہیں۔ وہاں وہ ایک شیطانی کیمیاگر سے عظیم سائنسدانوں کو بچانے کے مشن پر نکلتے ہیں۔
میلو پروڈکشنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر گیبریل میلو کے مطابق یہ پروجیکٹ دراصل ایک موبائل گیم سے شروع ہوا تھا، جسے کینیڈا کے گرانٹس سے فنڈ کیا گیا۔ صرف تین ماہ میں اس گیم کو ایک لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا، جس نے ثابت کیا کہ مسلم ناظرین کے لیے بامعنی اور معیاری مواد کی مضبوط طلب موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








