کراچی: ٹیپو سلطان پولیس نے جدید انداز میں کارروائی کرتے ہوئے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 5 اغواء کاروں کو گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 2 پولیس اہلکاروں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر تاجر کو اغواء کیا تھا اور اس کی رہائی کے لیے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی کے مطابق اغوا کاروں میں 2 پولیس اہلکار ذیشان اور ارباز، ان کے تین ساتھی ناصر جمال۔ صفدر اور نعمان شامل ہیں۔
قمر جسکانی کا کہنا ہے کہ مغوی تاجر کو ڈیفنس سے گزشتہ شب اغوا کاروں نے ایف آئی اے کی ٹیم بن کر اغوا کیا تھا۔
مغوی راحب علی غنی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ تاہم پولیس نے مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو اے وی سی سی پولیس کے حوالے کردیا ہے۔