پنجاب میں تحریک لبیک پاکستان کے مارچ کے شرکاء پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کراچی میں بھی حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک لبیک پاکستان نے فائرنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شہر کے مختلف اہم مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹی ایل پی کارکنوں نے کراچی کے پانچ مقامات پر فوری احتجاج شروع کردیا ہے، جن میں الآصف اسکوائر سپر ہائی وے، اسٹار گیٹ شاہراہِ فیصل، فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد، ٹاور کھارادر اور نمائش چورنگی شامل ہیں۔ احتجاج کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔
شاہراہِ فیصل پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دفاتر اور گھروں کو پہنچنے میں گھنٹوں لگ رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
دوسری جانب پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ شہر کی مختلف سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک محدود کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








