کراچی کے علاقے بفر زون کے علاقے میں پیپلز چورنگی کے قریب خونی واٹر ٹینکر نے ایک بچے کو کچل دیا، جبکہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں 830 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک ٹریفک حادثات میں 830 سے زیادہ افراد جاں بحق اور 11 ہزار 800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسی عرصے کے دوران مختلف فائرنگ کے واقعات میں 407 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ڈکیتی کے دوران شہریوں اور ڈاکوؤں کے درمیان جھڑپیں بھی شامل ہیں۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 650 مرد، 85 خواتین اور 85 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 37 بتائی گئی ہے، جن میں 9 ہزار 267 مرد، 1 ہزار 853 خواتین اور 717 بچے شامل ہیں۔
فائرنگ کے واقعات نے بھی شہریوں کی جانیں لی ہیں۔ مختلف فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہونے والے 407 افراد میں سے 89 وہ تھے جو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کر رہے تھے۔ ان واقعات میں 14 ڈاکو بھی مارے گئے جبکہ 35 زخمی ہوئے۔
جمعے کے روز بفر زون کے علاقے میں پیپلز چورنگی کے قریب ایک واٹر ٹینکر نے ایک بچے کو کچل دیا، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر پر پتھراؤ کیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب واٹر ٹینکر سڑک عبور کرتے ہوئے بچے سے ٹکرا گیا۔ بچے کو شدید چوٹیں آئیں اور فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








