کراچی: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار اور ایک شہری کو ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ ویڈیو میں واقعے کے مقام اور وقت کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اور شہری کے درمیان تکرار کے بعد بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
آس پاس موجود لوگوں نے واقعے پر برہمی کا اظہار کیا اور کچھ شہریوں نے مداخلت کر کے دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کیا۔
شہریوں نے ٹریفک پولیس کے رویے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلکار بلاوجہ روک کر چالان کرتے ہیں، گالم گلوچ کرتے ہیں اور رشوت طلب کرنے میں ملوث ہیں۔
اکثر ٹریفک اہلکار دن بھر سڑکوں پر مختلف حیلے بہانوں سے شہریوں سے پیسے بٹورتے ہیں۔ ان کا عمومی رویہ سخت، بدتمیز اور جارحانہ ہو چکا ہے، جس سے عوامی اعتماد بری طرح مجروح ہو رہا ہے۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ ہم قانون کا احترام کرتے ہوئے رک جاتے ہیں، مگر پولیس اہلکار نہ صرف رشوت مانگتے ہیں بلکہ بدتمیزی اور گالیوں پر بھی اُتر آتے ہیں۔ اگر ویڈیو نہ بنائی جائے، تو یہ ہر حد پار کر دیتے ہیں۔
تاحال اس واقعے پر کسی اعلیٰ ٹریفک پولیس افسر یا سندھ پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پولیس کے نظام میں اصلاحات کی جائیں، تاکہ شہریوں کو آئندہ ایسے رویے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








