کراچی ملیر ہالٹ کے علاقے میں ایک خوفناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
کراچی میں ایک اور المناک حادثہ پیش آیا، جہاں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب ایک اور موٹرسائیکل سوار خاندان ہیوی ٹریفک کی زد میں آگیا۔
پولیس کے مطابق شوہر اپنی اہلیہ کو چیک اپ کرانے کے لیے موٹرسائیکل پر اسپتال لے جارہا تھا، اس دوران پانی سے بھرے واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا۔
حادثے کے نتیجے میں خاتون اور مرد شدید زخمی ہوئے، بعد ازاں خاتون اور مرد دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ہیں۔
پولیس کے مطابق بیوی حاملہ تھی جس نے زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا لیکن بچہ بھی جانبر نہ ہو سکا، مرنے والے میاں بیوی ناتھا خان کے رہائشی تھے۔
جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 24 سالہ زینب اور 26 سالہ عبدالقیوم کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد مشتعل عوام نے واٹر ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی، واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے کہا کہ پولیس نے ٹینکر کے ڈرائیور اور ہیلپر کو گرفتار کرلیا، دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ڈرائیور کو الٹا لٹکانے کا مطالبہ
حادثے میں جاں بحق ہونے والی متوفیہ زینب کے والد گل رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی حاملہ تھی، علاج کی غرض سے گھر سے نکلی تھی، واٹر ٹینکر نے میری بیٹی اور داماد کو کچل ڈالا۔ والد نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو الٹا لٹکا دیا جائے۔
یاد رہے کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 214 ہوگئی جبکہ رواں سال ہیوی ٹریفک سے اب تک 68 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








