کراچی میں جاری موسلا دھار بارش کے دوران مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں اب تک چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے حسن بروہی گوٹھ، بشیر چوک کے قریب ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ اسی طرح سپر ہائی وے کے قریب احسن آباد سیکٹر 3 میں ایک شخص بجلی کا جھٹکا لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
ایک اور واقعہ پی آئی بی کالونی میں کوئٹہ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دیگر علاقوں سے بھی اسی نوعیت کے حادثات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ان واقعات کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں تاہم بارش کے دوران کھلے تاروں اور پانی میں بجلی کے پھیلاؤ کو ممکنہ خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








