کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے قریب وِیٹا چورنگی پر ایک تیز رفتار منی بس نے 2 افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوراً بعد دونوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 40 سالہ منظور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ ان کا بھتیجا بشارت شدید زخمی ہے جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق شخص منظور اور اس کا بھتیجا بشارت دونوں قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ملازم ہیں اور منظور اس وقت چھٹی گزارنے کراچی آئے ہوئے تھے۔
حادثے کے بعد مشتعل لوگوں نے موقع پر کوچ کو آگ لگا دی۔فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا تاہم کوچ مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ کوچ مروت کوچ تھی اور ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا۔ پولیس نے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد سڑک پار کر رہے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








