پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کرایوں میں اضافہ
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم قیمتیں بڑھانے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا اثر ہر پاکستانی پر پڑتا ہے، جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ “ہم کرایوں میں تین فیصد اضافے کا اعلان کر رہے ہیں۔” انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی وفاقی اور پنجاب حکومت کی مبینہ غلط پالیسیوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی گئی تھی، تاہم اس دوران ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ طے پانے والے معاملات بھی تاحال نافذ نہیں ہوسکے۔

ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ ملک گیر پرامن ہڑتال شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ نقصان کی ذمہ داری وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔گزشتہ ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے تمام وعدے فوری طور پر پورے کیے جائیں۔

Related Posts