سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ناجائز اور غیر منصفانہ کرایوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹرز کی نگرانی اور خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
سینیئر وزیر کا کہنا ہے کہ عیدین کے موقع پر لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں منانے کے لیے طویل سفر کرتے ہیں، لیکن افسوس کہ کچھ لالچی عناصر اس موقع کو کمانے کا ذریعہ بنا لیتے ہیں اور ٹکٹوں کے نرخوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں، جو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ آئی جی سندھ، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر فیلڈ میں نکلیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی ٹرانسپورٹر عید کے موقع پر عوام کا استحصال کرے گا، اس کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے، لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے، اور روٹ پرمٹ بھی واپس لیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی بس یا کوچ سروس غیرقانونی کرایہ وصول کرے تو فوری شکایت درج کرائیں تاکہ بر وقت کارروائی کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 مختص کیا گیا ہے، جہاں شہری اپنی شکایت کا اندراج کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








