پنڈی اور اسلام آباد کے درمیان تیز ترین ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد سفر کے وقت اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے کے درمیان اس منصوبے پر کام تیز کرنے کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔

یہ فیصلہ پیر کو وزیر داخلہ اور وزیر ریلوے کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان فاسٹ ٹرین سروس شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مارگلہ اسٹیشن (اسلام آباد) سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ریلوے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کا فریم ورک معاہدہ آئندہ ہفتے تک طے اور دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق ٹرین اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان فاصلہ صرف 20 منٹ میں طے کرے گی۔ یہ جدید اور تیز رفتار ٹرین نہ صرف وقت اور ایندھن کی بچت کرے گی بلکہ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کو بھی کم کرنے میں مددگار ہوگی۔

وزارت ریلوے ٹرین کے لیے پٹڑی فراہم کرے گی، جبکہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ٹرین سروس کی نگرانی کرے گی۔ اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ اس سروس کے لیے جدید ٹرین درآمد کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ جڑواں شہروں کے درمیان ریل سروس کا آغاز ایک بہترین عوامی فلاحی اقدام ہوگا، جس سے شہری صرف 20 منٹ میں تیز اور آسان سفر کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کے عوامی ریلیف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے اور اس کی تکمیل کے بعد ہزاروں شہریوں کو ایک جدید اور اعلیٰ معیار کی سفری سہولت میسر آئے گی۔

Related Posts