واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیروالائنا سے پرائمری الیکشن جیت کر جوبائیڈن حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے منفرد لہجے اور متنازعہ بیانات کے باعث شہرت حاصل کرنے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلیکن پارٹی کی سابق گورنر نکی ہیلی کو شکست دے دی۔
اب تک سامنے آنے والے پرائمری الیکشن کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 4 لاکھ 25 ہزار سے زائد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ نکی ہیلی ٹرمپ کے مقابلے میں 2لاکھ 77ہزار ووٹ لے سکیں۔
نکی ہیلی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد دیگر امیدواروں میں شامل رون ڈی سینٹس نے صرف 2 ہزار 689 ووٹ اپنے نام کیے جبکہ وویک رام سوامی محض 666 ووٹ ہی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوسکے۔
تاہم نکی ہیلی ڈونلڈ ٹرمپ سے پرائمری الیکشن ہار جانے کے باوجود صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہوگئیں، ری پبلیکنز کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو سب سے پسندیدہ امیدوار قرار دیا گیاہے۔
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نیو ہیمپشائر کا پرائمری الیکشن بھی جیت کر جو بائیڈن حکومت کیلئے خدشات کا باعث بن گئے تھے۔ ٹرمپ نے پارٹی خطاب میں صدر جوبائیڈن کو شکست دینے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








