کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے خاتون کو سرعام کوڑے مارنے کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

TTP’s Brutality Exposed
ONLINE

کالعم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے جاری ظلم و جبر کا ایک اور دل دہلا دینے والا منظر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ایک خاتون کو عوام کے سامنے کوڑے مارے جا رہے ہیں۔

سینئر صحافی ہارون الرشید نے ایکس پر پیغام میں لکھا کہ اس منظر میں جس طرح خاتون کو بے بسی کے عالم میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا، وہ اس نظام کی وحشت کو واضح کرتا ہے، جسے طالبان شریعت کہہ کر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ شریعت نہیں بلکہ طاقت کے نشے میں بدمست ایک سوچ ہے جو عورت کی شناخت، وقار اور انسانیت کو روند دینا چاہتی ہے۔

 

یہ ظلم درحقیقت اُس نظریے کی نمائندگی کرتا ہے جو پختون علاقوں میں خوف، سزا، اور جبر کے ذریعے حکمرانی چاہتا ہے۔ کوڑے مارنے جیسے اقدامات نہ صرف شرعی تعلیمات کے منافی ہیں، بلکہ اسلامی اخلاقیات اور حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی سراسر توہین ہیں۔ اسلام نے کبھی بھی خواتین کو ذلیل کرنے، سرِعام رسوا کرنے، یا جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی۔

جب اسلام حالت جنگ میں بھی عورتوں کی حرمت کا تحفظ کرتا ہے، تو ٹی ٹی پی جیسے گروہ کا امن کے دنوں میں خواتین پر تشدد کیسے اسلام کے نام پر جائز ہو سکتا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک جھوٹا، ظالمانہ، اور عورت دشمن نظام ہے جو اسلام کے نام پر معاشرے میں درندگی کو فروغ دیتا ہے۔

پختون عوام کے لیے اب خاموشی کی کوئی گنجائش باقی نہیں۔ اگر آج ہم نے اس ظلم کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو کل یہ کوڑے ہر دروازے پر برسیں گے، اور ہماری بیٹیاں، بہنیں، مائیں اور بیویاں اسی طرح بے گناہی کی قیمت ادا کرتی رہیں گی۔

Related Posts