راولپنڈی: بھارتی فوج نے کنٹرول لائن (ایل او سی) پر ایک بار پھر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے فائرنگ کرکے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سالہ بچے سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے بروح سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ جنوری سے اب تک بھارتی فوج 2340 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔اور اب ان کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اسی سلسلے میں آج بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی قابض فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق بھارتی قابض افواج کی کنٹرول لائن کے بروح سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو بے گناہ شہری شدید زخمی ہوگئے تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی کو مسلسل بھاری توپ خانے، مار ٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔