مظفرآباد: آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور کی دو بہنیں غلطی سے سرحد کی دوسری جانب پہنچ گئیں، جنہیں بھارتی فوج نے گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور کی 2 بہنوں ثنا زبیر اور لائبا زبیر کو غلطی سے ایل او سی پار کرنے پر بھارتی فوج نے حراست میں لے لیا ہے، جنہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں اس وقت مقبوضہ کشمیر پولیس کی حراست میں ہیں، دونوں بہنوں کو آئندہ روز ممکنہ طور پر پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔دونوں بہنوں سے متعلق بھارتی حکام سے رابطے میں ہیں، دونوں لڑکیوں کو ممکنہ طور پر کل پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگست 2020 میں پاکستان نے غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان پہنچ جانے والے بھارتی شہری کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت بھیج دیا تھا۔پاکستان پہنچنے والے بھارتی شہری کا دماغی توازن درست نہیں تھا۔