راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔
بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگزیزی کا یہ واقعہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر میں پیش آیا۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور کرارا جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارت کو بھاری جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی کنٹرول لائن کے باگسر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے نائیک شاہ جہاں اور سپاہی حمید شہید ہو گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے لانس نائیک طارق اور سپاہی زروف شہید ہوگئے تھے۔مذکورہ واقعے کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی تھی، جس سے بھارتی فورسز کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا تھا۔
بھارت کی جانب سے ایل او سی پراور عام شہری آبادیوں پر اشتعال انگیزیاں روز کا معمول بن گئیں ہیں، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی قوتوں کو چاہئے کہ بھارت کو لگام ڈالے۔جنگ کی چنگاری اگر بھڑک اُٹھی تو یہ خطے کے لئے اچھا نہیں ہوگا۔