ملائشین دارالحکومت کوالالمپور میں 2 ٹرینوں کا خوفناک تصادم، 200سے زائد افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

ملائشین دارالحکومت کوالالمپور میں 2 ٹرینوں کا خوفناک تصادم، 200سے زائد افراد زخمی
ملائشین دارالحکومت کوالالمپور میں 2 ٹرینوں کا خوفناک تصادم، 200سے زائد افراد زخمی

ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایک ہی ریلوے ٹریک پرمخالف سمتوں میں سفر کرنے والی 2 ٹرینوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹرینوں میں سے ایک کو ٹیسٹنگ کے مقاصد کے تحت ایک ڈرائیور چلا رہا تھا جو 213 مسافروں کو لے کر جانے والی دوسری ٹرین سے جا ٹکرائی۔ یہ افسوسناک واقعہ ٹوئن ٹاورز کے قریب انڈرگراؤنڈ ٹنل میں پیش آیا۔

تصادم کے وقت دونوں ٹرینوں کی رفتار کم و بیش 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، اس لیے خوش قسمتی سے کوئی شخص جاں بحق نہیں ہوا تاہم 47 افراد شدید زخمی جبکہ 166 کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں علاج کیلئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

کوالالمپور میں ہونے والے اس حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرینوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور زخمی مسافر ٹرین کے فرش پر بیٹھے ہوئے ہیں، ایک خاتون کو روتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ 

https://twitter.com/bernamadotcom/status/1396822140595302407

ضلعی پولیس چیف محمد زین العبداللہ نے کہا کہ مسافروں کو لے کر جانے والی ٹرین کے ایل سی سی اسٹیشن سے روانہ ہوئی جو گمبک اسٹیشن کی طرف جارہی تھی۔ خالی ٹرین کمپنگ بارو اسٹیشن سے گمبک اسٹیشن کو روانہ ہوئی تھی۔

پولیس چیف محمد زین کے مطابق ریلوے ٹریک پر عموماً ٹرین بغیر ڈرائیور کے چلتی ہے تاہم خالی ٹرین کو ایک ڈرائیور چلا رہا تھا۔ پھر بھی معاملے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔حادثے کا سبب ٹرینوں کا آپریشن کنٹرول سینٹر سے رابطے کا فقدان ہوسکتا ہے۔

دوری جانب ملائشیا کے وزیرِ اعظم محی الدین یاسین نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس پر ٹرانسپورٹ کی وزارت کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔

ٹرانسپورٹ کے وزیر وی کا سیونگ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 23 سال کی تاریخ میں یہ ریلوے کا بد ترین حادثہ ہے جس کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل ملائشیا میں پاکستانی نوجوان عدیل خالد ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا جو گزشتہ 7 سالوں سے بیرونِ ملک ملازمت کر رہا تھا۔

گزشتہ ماہ 23 اپریل کے روز عدیل خالد اپنے کام پر جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا، اسپتال منتقل کرتے ہوئے شدید زخمی ہونے کی وجہ سے پاکستانی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

مزید پڑھیں: ملائشیاء میں پاکستانی نوجوان عدیل خالد ٹریفک حادثے میں جاں بحق

Related Posts