ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سے فضائی سفر کے ذریعے آنے والے مسافروں کی آمد پر پابندی میں 6 جولائی تک توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے یہ فیصلہ کورونا کی روک تھام کیلئے کیا۔ پاکستان کے علاوہ دیگر 7 ممالک سے آنے والے مسافر متحدہ عرب امارات میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
اس حوالے سے اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے)نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں فضائی راستوں کے ذریعے منتخب ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی گئی۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور جنوبی افریقہ کے مسافر متحدہ عرب امارات میں 6 جولائی تک داخل نہیں ہوسکیں گے جبکہ یہ پابندی دیگر مسافروں پر بھی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے مسافر جو متحدہ عرب امارات آمد سے 14 روز قبل تک پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائیجیریا یا جنوبی افریقہ میں رہے ہوں، ان پر بھی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو بورڈنگ کارڈز جاری نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بصورتِ دیگر ذمہ دار ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد پابندی ہٹانے پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل عمان نے کورونا کی روک تھام کیلئے برطانیہ، بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والے مسافروں پر پابندی میں توسیع کردی جبکہ امریکا نے پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آج سے 6 روز قبل عمان نے کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جی سی سی کے شہریوں پرسفری پابندیاں ختم کردیں۔
مزید پڑھیں: عمان کی پاکستان پر سفری پابندی میں توسیع،امریکا کا امداد کا اعلان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








