یو اے ای پاکستان کا 2 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرنے کیلئے تیار

تازہ ترین

تازہ ترین

یو اے ای پاکستان کا 2 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرنے کیلئے تیار
یو اے ای پاکستان کا 2 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرنے کیلئے تیار

دبئی: یو اے ای پاکستان کا 2 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ اس فیصلے پر عملدرآمد رواں ہفتے ہی کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت رواں ہفتے 2 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرسکتی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای قرض کو 1 سال کیلئے مؤخر کرے گا۔

اس حوالے سے بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے یو اے ای کے صدر کو خط لکھا تھا جبکہ پاکستان کو 2 ارب ڈالرز قرض 23جنوری تک ادا کرنا تھا۔

پاکستان نے یو اے ای کو 1ارب ڈالر پر 3 فیصد جبکہ مزید 1 ارب ڈالر پر 6.5 فیصد منافع ادا کرنا تھا۔ رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم آفس اور وزارتِ خزانہ قرض رول اوور کیلئے یو اے ای سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

مذاکرات کی کامیابی کے واضح امکانات کے پیشِ نظر وزارتِ خزانہ حکام رواں ہفتے 2 ارب ڈالرز قرض مؤخر ہونے کیلئے پر امید نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان یا یو اے ای نے قرض مؤخر ہونے کا واضح اعلان تاحال نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورۂ عرب امارات کے دوران اربوں ڈالرز کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے جو ملکی معیشت کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔

 نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورۂ عرب امارات کے دوران گزشتہ برس نومبر میں دونوں ممالک کے مابین اربوں ڈالرز کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں توانائی، معدنیات اور زراعت سمیت دیگر شعبے شامل تھے۔

Related Posts