اسلام آباد: برطانیہ کے خارجہ امور کے وزیر ڈومینک راب نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسیوں کے لئے انسانی زندگیوں کے تحفظ کی مد میں تین کروڑ پاؤنڈ امداد جاری کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں جمعہ کے روز وفد کی سطح پر بات چیت کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ امداد کا مقصد افغان مہاجرین کو پناہ، گھریلو اشیائے ضروریات اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے دوران ضروریات زندگی کی فراہمی اور علاقائی استحکام سے متعلق معاملات زیر غور آئے اور اتفاق کیا گیا کہ افغان سرزمین کو دوبارہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بننے نہیں دیا جائے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ اس مسئلے کو سمجھتا ہے اور وہ اس کے حل کیلئے پاکستان جیسے اہم شراکت دار کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کی صورتحال کا اندازہ ہے اور وہ انسانی بنیادوں پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کو تعمیری اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے DOMINIC RAAB نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مضبوط تعلقات کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا ملک اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
مزید پڑھیں: چین غربت کے خاتمے میں ترقی پذیر ممالک کیلئے رول ماڈل ہے، وزیراعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








