کراچی: اُمّہ ویلفئیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام سندھ اور بلوچستان کے سینکڑوں سیلاب متاثرین میں نقدی چیکس کی تقسیم کا پروگرام گلستان ہال کلفٹن کراچی میں منعقد ہوا۔
پروگرام میں صوبائی وزرا، تاجر برادری، علما اور جیّد سماجی شخصیات نے شرکت کی۔اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ونائب مہتمم جامعہ الصفہ مفتی محمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمّہ ویلفئیر ٹرسٹ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کی سب سے زیادہ نقدی امداد فراہم کی اور اب تک نصف ارب روپیہ سیلاب متاثرین میں تقسیم کرچکا ہے۔
صوبائی وزیر کچی آبادی لیاقت آسکانی نے اُمّہ ویلفئیر ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُمّہ ٹرسٹ کو اپنے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اُمّہ ویلفئیر ٹرسٹ کے چئیرمین مولانا ادریس نے اپنے خصوصی خطاب میں سیلاب متاثرین کیلئے مختلف امدادی پروجیکٹس سے شرکا کو آگاہ کیا اور سیلاب متاثرین کیلئے مزید ازسرنو تعمیر سازی پروگراموں کا اعلان کیا۔
پروگرام کے اختتام پر 175 متاثرین سیلاب میں صوبائی وزیر لیاقت آسکانی اور مفتی محمد زبیر اور اُمّہ ٹرسٹ کے چئیرمین مولانا ادریس کے ہاتھوں تین تین لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔
پروگرام میں کراچی کے جیّد علما کے علاوہ کراچی بزنس کمیونٹی کے حاجی عبدالرزاق بیلی، بلال بگٹی، ہاشم جمانی، پرویز دودا اور مسقط سے محمد علی نے خصوصی شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








