بغداد: اقوام متحدہ نے عراقی سیاست دانوں سے کہا ہے کہ وہ اندرون اور بیرون ملک اپنے اثاثوں کی تفصیلات قوم کے سامنے پیش کریں ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے عراق میں موجود مشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں ملک کی سیاسی اشرافیہ سے کہا گیا کہ وہ اپنے اندرون اور بیرون ملک موجود اثاثوں کو عوام کے سامنے لائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ عراقی آئین پر نظرثانی اور ترمیم کرنے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور اسے ریفرنڈم میں شامل کرنے میں مدد دے گا۔
یو این نے آئین کی شقوں کے مطابق پرامن احتجاج کے حق پر زور دیا۔مشن نے عراقی سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف تحمل کا مظاہرہ کریں اور مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود کا استعمال نہ کریں۔
یو این مشن نے مجرموں کے مکمل احتساب اور متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی بھی اپیل کی ہے۔اسی تناظر میں مشن نے نظربند افراد کی فوری رہائی اور مظاہرین کا تعاقب نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔عراقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اغوا کے معاملات کی تحقیقات کرے اور اس میں ملوث افراد کو سامنے لائے۔
انتخابی اور سیکیورٹی سے متعلق قوانین میں اصلاحات اور بدعنوانی کے خلاف جنگ کیلیے موثر حکومتی اقدامات بھی مطالبہ کیا گیا۔اقوام متحدہ نے عراق میں جاری مظاہروں کے دوران ملک میں غیرملکی مداخلت ختم کرنے کی ضرورت بھی زور دیا اور کہا کہ خطے کے ممالک عراق کو اپنے مفادات کا اکھاڑا نہ بنائیں۔
مزید پڑھیں: عراق میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سات مظاہرین ہلاک
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








