کراچی : نالہ تجاوزات متاثرین کو اقوام متحدہ دوسری جگہ بسائے گا، اراضی سندھ حکومت دے گی ،تعمیرات میں اقوام متحدہ کاترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی معاونت کرے گا۔
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ سے ان کے دفتر میں یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام ( یو این ڈی پی ) کےوفد نے ملاقات کی ہے اور صوبے بالخصوص کراچی کے انفرا اسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے کی پیشکش کر دی ۔
اس موقع پر وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ نئے منصوبے کے آغاز سے قبل حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کسی بھی ڈویلپمنٹ پروگرام یا ترقیاتی اسکیم کے مکمل ثمرات صوبے کی عوام تک باآسانی پہنچ سکیں۔
یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے وفد نے نجم احمد شاہ سے درخواست کی کہ کراچی کے ماسٹر پلان کی بہتری اور نالوں سے ہٹائے گئے لوگوں کی آبادکاری میں وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور حکومت سندھ کی دی جانے والی گائیڈ لائنز کے مطابق یو این ڈی پی کراچی کی ترقی کے سفر میں حصہ دار بننا چاہتا ہے۔
سید نجم احمد شاہ نے شرکا وفد کی جانب سے دی جانے والی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات سندھ بیک وقت مختلف پراجیکٹس پر کام کررہا جن میں سے نالوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ اور ان پر رہائش پذیر لوگوں کی نئے سرے سے آبادکاری بھی شامل ہے۔
سیکریٹری بلدیات سندھ نے یواین ڈی پی کو دعوت دی کہ وہ حکومت سندھ کے زیر اہتمام ہونے والے اقدامات کا بغور جائزہ لیں اور اپنے مشاہدات کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبہ جات میں کس انداز میں حصہ لینا چاہیں گے۔
سیکریٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ یواین ڈی پی کے وفد کی جانب سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ڈالنے کی پیشکش خوش آئند ہے مگر ان کی خواہش ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تعلقہ و تحصیل لیول تک ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں لہٰذا مزید مشاورت و ملاقاتوں کی ضرورت ہے۔
نجم احمد شاہ نے مزید کہا کہ عالمی اداروں کی حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی اس بات کی دلیل ہے کہ عوام کی خدمت اور فلاحی کاموں میں صوبہ سندھ کا کوئی ثانی نہیں ۔