راجشاہی: پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4وکٹوں سے شکست دے دی۔
راجشاہی میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش انڈر19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اوپنر جیشان عالم نے صرف 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
انہوں نے صرف 9 اعشاریہ ایک اوورز میں معین الاسلام کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کا اضافہ کیا۔ معین الاسلام 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان احرار امین نے تین چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے جبکہ عارف الاسلام نے 30 رنز اسکور کیے۔
بھارت کیساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہیں، نجم سیٹھی
دوسری جانب پاکستان انڈر 19 کی طرف سے احمد حسین نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر19 کو پہلے ہی اوور میں شاہ زیب خان کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان انڈر19 کی طرف سے شامل حسین نے67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں مدد کی ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عرفات منہاس نے صرف 22 گیندوں کا سامنا کیا اور 41 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان سعد بیگ نے 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ پاکستان انڈر19 نے آخری اوور کی پہلی گیند پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
اس طرح پاکستان انڈر ٹیم نے اس دورے کو شاندار کارکردگی کے ساتھ ختم کیا۔قومی ٹیم نے دورے کا واحد چار روزہ میچ دس وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں چار ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








