اقوام متحدہ اجلاس میں امریکا کو رسوائی کا سامنا، شرکا نے “لیکچر” سننے سے انکار کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

جنیوا میں امریکی خاتون سفیر کو اس وقت شدید سبکی اٹھانا پڑی، جب وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی میں تقریر کرنے ڈائس پر آئیں۔

شرکا کی بڑی تعداد اس موقع پر امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کی حمایت پر احتجاجاً پیٹھ ڈائس کی طرف پھیر کر کھڑی ہوگئی اور “انسانی حقوق” پر امریکی سفیر کا “لیکچر” سننے سے انکار کر دیا۔

امریکی سفیر کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے والے انسانی حقوق کے کارکنوں نے موقف اختیار کیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو امریکا کی طرف سے وسیع حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کی حمایت میں ہی بحیرہ روم میں دو طیارہ بردار بحری جہاز تعینات کر رکھے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ امریکی صدر نے بھی تل ابیب پہنچ کر اسرائیل کی حمایت کا کھل کر اعلان کیا۔

واضح رہے کہ آج مسلسل 14 ویں روز غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 3785 فلسطینی شہید، ہزاروں زخمی، ہزاروں مکانات تباہ اور 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

Related Posts