امریکا نے لبنان میں وسیع جنگ کی صورت میں اسرائیل کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ زمینی سطح پر فوجی اہلکار تعینات نہیں کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور اسرائیلی حکومت کے مابین اختلافات کے باوجود لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جنگ میں جو بائیڈن حکومت نے نیتن یاہو حکومت سے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
واشنگٹن میں حال ہی میں اسرائیلی وفد نے کئی امریکی حکام سے ملاقاتیں کی جس کے دوران یہ اتفاقِ رائے پایا گیا کہ اگر اسرائیل کی شمالی سرحد پر اسرائیل کی حزب اللہ سے جامع جنگ چھڑ جائے تو امریکا اپنے اتحادی ملک اسرائیل کا ساتھ دے گا۔
تاہم العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک سینیئر امریکی اہلکار نے کہا کہ امریکی حکومت اسرائیل کو درکار سکیورٹی امداد تو فراہم کرے گی تاہم جنگ چھڑنے کی صورت میں زمینی سطح پر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔
دوسری جانب اسرائیل حزب اللہ کی جانب سے حملوں کا دائرہ کار نمایاں طور پر وسیع کرنے اور اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے کی صورت میں پوری طاقت سے جواب دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اسرائیلی وفد نے جیک سلیوان اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








