پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ویکسین کی 2 لازمی خوراکیں لگوانے کے بعد بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں، اُشنا شاہ نے خوف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں ویکسین نہ لگواتی تو کیا ہوتا؟
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنے لاکھوں مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی 2 خوراکیں لگوانے کے بعد بھی میرا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا۔
اپنے پیغام میں اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ میں مضبوط مدافعتی نظام کی حامل صحت مند لڑکی ہوں، تاہم وائرس نے مجھ پر حملہ کیا جبکہ بیماری کے اثرات انتہائی ناخوشگوار ہیں، سوچ سوچ کر خوف آتا ہے کہ اگر ویکسین نہ لگوائی ہوتی تو کیا ہوتا؟
معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ میں چاہتی ہوں ہر شخص ماسک پہنے، ویکسین لگوائے اور تمام ضروری اقدامات کرے جس سے وہ کورونا سے محفوظ رہ سکے۔ کورونا کوئی مذاق نہیں جس کی نئی قسم ڈیلٹا پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔
اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ اگر حالیہ دنوں کے دوران آپ نے مجھ سے ملاقات کی ہو، تو اپنا کورونا ٹیسٹ ضرور کروائیں، انہوں نے تمام مداحوں اور ساتھی فنکاروں کیلئے نیک خواہشات ظاہر کرتے ہوئے ان کی بہتر صحت اور تندرستی کیلئے دُعا کی۔
پیغام کے کیپشن میں اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ جن لوگوں سے آج کل میری ملاقات ہوئی ہے، ان سب سے معذرت کرتی ہوں۔ میرا خیال تھا کہ یہ ایک معمولی وباء ہے تاہم بخار ناقابلِ برداشت ہے۔ میری سونگھنے کی حس کام نہیں کررہی جس پر کورونا ٹیسٹ کا خیال آیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے پاکستانی معاشرے کے بڑے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت کے اظہار کیلئے چہرہ نہ چھوئیں کیونکہ ایسا کرنے سے سارا دن خراب ہوجاتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ ماہ اپنے پیغام میں اداکارہ اشنا شاہ نے کہا کہ کیا محبت کے اظہار کیلئے چہرہ چھونے کی روایت ختم کی جاسکتی ہے؟کیونکہ اس سے میرا پورا دن خراب گزرتا ہے۔