بالی ووڈ فنکار وویک اوبرائے نے بطور بزنس مین اپنی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے 16 یا 17سال کی عمر میں اپنی زندگی کے پہلے 1 کروڑ کما لیے تھے، جبکہ انہوں نے یہ رقم سرمایہ کاری اور بزنس سے کمائی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بھارتی میڈیا (پنک وِلا) سے گفتگو کرتے ہوئے وویک اوبرائے نے کہا کہ میں 15سال کی عمر سے ہی مالی طور پر خودمختار تھا اور میری زندگی کے پہلے 1 کروڑ جو میں نے 16یا 17سال کی عمر میں کمائے، وہ ٹریڈنگ سے حاصل ہوئے تھے، مجھے رقم بچانے کا ہنر معلوم تھا۔یہاں یہ ذکر بھی کرتے چلیں کہ وویک اوبرائے کی نئی فلم مستی 4 کل سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
گفتگو کے دوران وویک اوبرائے نے کہا کہ میں نے جو 1 کروڑ کمائے وہ رقم کی صورت میں نہیں بلکہ اسٹاک ویلیو میں تھے۔ میرا خاندان تقسیم ہند سے قبل محل اور حویلیوں کا مالک تھا لیکن سرحد پار سب کچھ چھوڑ کر آنا پڑا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے معاشی سفر کا آغاز صفر سے کیا۔
اداکار وویک اوبرائے نے کہا کہ صفر سے آغاز کرنا میرے لیے ایک سبق تھا کہ اپنی دولت خود ہی کمانی پڑتی ہے اور میں نے کالج کے زمانے میں اسٹاک مارکیٹ اور کاروبار کے نظام کو سمجھنا شروع کردیا تھا۔ اسی دوران 19سال کی عمر میں پہلا کاروبار شروع بھی کیا اور 12کروڑ کے فنڈز اکٹھے کیے، میرا اپنا سرمایہ 20سے25لاکھ روپے تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں روزانہ تقریباً 16گھنٹے کام کرتا ہوں اور جب فلم کی شوٹنگ کررہا ہوتا ہوں تو چھٹی والے دن اپنا وقت بزنس کو دیتا ہوں۔ شوٹنگ کے بعد بھی گھنٹوں کام کرتا ہوں۔بھارت سے دبئی منتقل ہونے کے بعد مجھے پہلی بار احساس ہوا کہ این آر آئیز بھارت کو اس کے ٹریڈ ریزرو کا 50فیصد یعنی سالانہ 136ارب ڈالرز دیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








