کراچی: یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلی اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ایجنسیوں کا سہارا لے کر اور ووٹ خریدنے والے عناصر آئندہ ایف پی سی سی آئی انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ کے چیئرمین ہم پر بے بنیاد الزامات لگا کر بزنس کمیونٹی کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں لیکن پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے انہیں پہلے ہی سال پہچان لیا ہے کہ وہ صرف اپنی ہی خدمت کرنے کیلئے فیڈریشن کے صدر بنے اور ملک کی بزنس کمیونٹی مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔
مگر یونائٹیڈ بزنس گروپ کے نامزد کردہ امیدوار30دسمبر2020کو ہونے والے فیڈریشن الیکشن میں کامیاب ہوکر فیڈریشن کا وقاربحال کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں گروپ لیڈر سہیل الطاف کی جانب سے بزنس مین گروپ کی قیادت اورامیدواروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر یو بی جی کے چیئرمین اور صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک، صدارتی امیدوار خالد تواب، زبیرطفیل،صدر اسلام آباد چیمبرسردار الیاس خان،میاں زاہد حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ احمدچنائے،شبنم ظفر،اکرم فرید،نوراحمد خان،عبدالوحید، ظفر بختاوری، ملک سہیل حسین،عارف جیوا اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی،آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ پاکستانی قوم کے ہیروہیں جبکہ ہمارے سولجر سرحدوں پر ہماری حفاظت کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مستحکم معاشرے کا قیام بھی ضروری ہے جہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں،وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت مضبوط بنانے کی انتھک جدوجہد کررہے ہیں۔
پاکستان کی بزنس کمیونٹی بھی یونائٹیڈ بزنس کمیونٹی کے بینرتلے ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرے۔
چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی انتخابات میں کامیاب ہوکر نوجوانوں بزنس مینوں کو مختلف کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داریاں دے گا۔