کراچی: معروف ٹی وی میزبان وقار ذکاء نے 14سالہ مجبور لڑکی کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا،تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کھڈہ مارکیٹ کے علاقے میں 14سالہ لڑکی نے وقار ذکا کواپنی روداد سنائی، جس پر وقار ذکاء نے اس کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ وقار ذکار کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 14 سالہ لڑکی جو اپنا نام ستارہ بتا رہی ہے، ستارہ نے وقار ذکا کو بتایا کہ اس کے ماں باپ کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ کرائے کے گھر میں رہتی ہے اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے بچیوں کے کلپس وغیرہ فروخت کرتی ہے۔
ستارہ نے وقار ذکا کو بتایا کہ کھڈہ مارکیٹ کے علاقے میں جب وہ کلپس وغیرہ فروخت کررہی ہوتی ہے تو اس دوران امیر زادے اسے تنگ کرتے ہیں اور اس سے غلط باتیں کہتے ہیں،یہ سب باتیں سننے کے بعد وقار ذکاء افسردہ ہوگئے اور واقعے کی شدید مذمت کی۔
وقار ذکاء نے 14سالہ لڑکی کی پوری بات سننے کے بعد اس کو فوری طور پر 21ہزار روپے دیئے اور اس کے دیگر تعلیمی اخراجات بھی اٹھانے کا وعدہ کیا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر وقار ذکا کو سراہا جارہا ہے اور ان کے اس اقدام کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔