بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اسرائیلی میزائل نصب کردئیے ہیں جنہیں کسی بھی وقت استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسرائیلی ساختہ اینٹی گائیڈڈ میزائل مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر نصب کیے گئے جو پاکستان کے خلاف استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
میڈیا سروس کے مطابق اسرائیلی ساختہ میزائل اینٹی ٹینک گائیڈڈ ہیں جبکہ بھارت اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ 240 اسپائیک میزائلوں کے حصول کے لیے معاہدہ بھی کرچکا ہے۔
جنگی جنون کا شکار مودی حکومت نے لائن آف کنٹرول پر اس سے قبل اسپائیک اینٹی ٹینک میزائل بھیجنے کی تیاری کرتے ہوئے 240 میزائل اور لانچرز منگوائے تھے۔
میزائل گزشتہ روز بھارتی شہر ادھم پور کے آرمی کمانڈ میں منگوائے گئے جو بنکرز، شیلٹرز، آرمی کیمپس اور ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جنہیں آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے کسی بھی علاقے پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن اور کرفیو کا آج 115واں روز ہے جبکہ نظامِ مواصلات اور ٹرانسپورٹ کی معطلی کے ساتھ ساتھ شدید سردی اور برف باری کے باعث مظلوم کشمیریوں پر عرصۂ حیات تنگ ہوچکا ہے۔
کشمیر میں انسانی تاریخ کے بد ترین کرفیو کے باعث کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دکانیں وغیرہ بند ہیں جبکہ وادی میں ہزاروں افراد کاروبار کی مسلسل بندش کے نتیجے میں بے روزگار ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں کرفیو 115ویں روز میں داخل ، شدید سردی اور برفباری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








