راولپنڈی:یونین کونسل 31 ظفرالحق روڈ کا ٹیوب ویل ٹھیک ہونے کے ایک دن بعد دوبارہ موٹر جل گئی پانی کی سپلائی معطل ہوگی،واساکی کارکردگی سے اہلیان میں اشتعال پھیل گیا۔
چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی وسابق سٹی جنرل سیکریٹری تحریک انصاف ظہیراحمداعوان نے عوامی شکایات سیل پر اہلیان علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا کی نااہلی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے آئے روز موٹریں جلنا معمول بن چکا ہے۔
ناقص وائنڈنگ کروائی جاتی ہے اس لئے موٹریں با ر بار جل جاتی ہیں جس سے شہری سخت پریشان ہیں۔ایم این اے شیخ راشد شفیق اور ایم پی اے راجہ راشد حفیظ شہریوں کے درینہ مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لیتے ۔
پورے شہر میں ایک درجن سے زیادہ ٹیوب ویل خراب پڑے ہوئے ہیں ،شہری پرائیوٹ ٹینکروں سے 3500 روپے کا ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔بزرگ بچے خواتین پانی کے برتن اٹھائے دور دراز سے ہینڈپمپوں سے پانی بھرکرلاتے ہیں۔
واسا ماہانہ بل وصول کرنے کے باوجود پانی کی سپلائی دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔واسا حکام شہریوں کو سخت احتجاج پر اکسا رہے ہیں۔ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایم ڈی واسا کو معطل کیا جائے اور پانی کی سپلائی بحال کروائی جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔